چکمنگلور 30 اگست (ایس او نیوز) چکمنگلور کے کڈور تعلقہ کے گیدل ہلی نیشنل ہائی وے پر ہوئے دو بائکوں کی آمنے سامنے کی ٹکر میں دونوں بائکوں کو آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک بائک سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسری بائک پر سوار دو لوگ شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے میں مرنے والے کی شناخت ہاسن کے رہنے والے منجوناتھ (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ منجوناتھ اپنی یونیکارن بائک پر شموگہ سےہاسن جارہا تھا جبکہ پلسر بائک پر سوار دو لوگ سنجے اور گوتم بنگلور سے شموگہ کی طرف جارہے تھے۔ دونوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ٹکر لگتے ہی منجوناتھ جائے وقوع سے 15 فٹ دور جاگرا تھا۔
ٹکر لگتے ہی بائکوں کو آگ لگ جانے سے عوام نے حیرت کا اظہار کیا کہ آخر آگ کیسے لگی، مگر سمجھا جارہا ہے کہ کورونا کو لے کر لوگ اپنے پاس سینی ٹائزر رکھتے ہیں، شبہ ہے کہ سینی ٹائزر کی وجہ سے ہی آگ لگی ہوگی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کڈور پولس جائے واردات پر پہنچ گئی تھی۔ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔